اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بسوں کو اڈوں کے اندر پارک کرنے اورڈرائیورز کے لیے لائسنس کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے دِنوں میں اضافی کرایہ وصولی پر کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور ٹریفک پولیس نے 13 ہزار موٹرسائیکل سواروں کو شہر میں داخل ہونے سے کیوں روکا؟
جمعہ کو اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے، چیف ٹریفک آفیسر سید ذیشان حیدرکی زیرصدارت ٹرانسپورٹ یونین کا اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں بسوں کو اڈوں کے اندر پارک کرنے کی ہدایت، ڈرائیورز کے لائسنس لازمی قراردیا۔
اجلاس میں روٹ پرمٹ والی گاڑیوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ عید کے دنوں میں اضافی کرایہ وصولی پر کارروائی ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس ایجوکیشن ٹیم اڈوں پر ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرے گی، قوانین کی خلاف ورزی حادثات اور جانوں کے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کیخلاف پنجاب پولیس کا نیا ہتھیار کیا ہے؟
بیان کے مطابق ٹرانسپورٹ یونین نے تمام اقدامات پر بھرپور تعاون اورعملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
دریں اثنا اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق جناح ایونیو پر گاڑی کی ڈرفٹنگ کی ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے پر چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے فی الفور نوٹس لیتے ہوئے گاڑی تھانے میں بند کر دی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا، ملزم کے خلاف پہلے بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی آپ کے لیے جان لیوا ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’بیٹے کا چالان کیوں کیا؟‘ ضلعی پولیس افسر کراچی ٹریفک پولیس اہلکار سے لڑ پڑا، ویڈیو وائرل
اس موقع پر سید ذیشان حیدرنے کہا کہ ڈرفٹنگ، ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیلوں کی ہرگزاجازت نہیں دی جائے گی، اسلام آباد ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔