اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بشریٰ بی بی کی 31 مقدمات میں عبوری درخواست ضمانتوں میں 7 مارچ تک توسیع کردی ہے۔
اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کے 26 نومبر کے بعد درج ہونے والے 31 مقدمات کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ 31 مقدمات کے تفتیشی افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی قیادت میں تبدیلی، بشریٰ بی بی کا کیا کردار ہے؟
بشریٰ بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ شامل تفتیش ہونے سے قبل بانی پی ٹی آئی اور اپنے وکیل سلمان صفدر سے مشاورت کرنی ہے۔ مشاورت کے بعد اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے تیار ہیں۔ بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی موجودگی میں شامل تفتیش ہونے کی عدالت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور وکیل سلمان صفدر سے آج ملاقات کروا دی جائے تو آج ہی وہ شامل تفتیش ہونے کو تیار ہیں۔
عدالت نے ایس او پی کے مطابق بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی اور ان کے وکیل سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے بشریٰ بی بی کی 31 مقدمات میں عبوری درخواست ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔