کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی جانب سے تمام پارکنگ سائٹس مفت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی کی پارکنگ سائٹس سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائےگی، عوام کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں کے ایم سی میں 950 گھوسٹ اور 200 ملازمین کا 2 مقامات پر نوکری کا انکشاف
انہوں نے کہاکہ کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زیادہ رقم موجود ہے، اور اپنے پیروں پر کھڑی ہے۔ ہمیں 4 سے 5 کروڑ روپے کی ضرورت نہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ پارکنگ فیس وصول نہ کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کریں گے، اور اگر کسی نے غیرقانونی طور پر فیس لینے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور گرفتار کیا جائےگا۔
انہوں نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ کراچی کی 106 مرکزی سڑکوں پر 46 پارکنگ سائٹس سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائےگی۔
یہ بھی پڑھیں کے ایم سی اور کے الیکٹرک کے مابین واجبات کی ادائیگی، سپریم کورٹ نے تصفیہ کے لیے ثالث کا نام طلب کرلیا
میئر کراچی نے کہاکہ کراچی کے 25 ٹاؤنز اور 6 کنٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس برقرار رکھی جائےگی، ہماری اولین ترجیح عوام کو سہولیات کی فراہمی ہے۔