پی ایس ایل میچ کے دوران عامر سہیل کے کراچی سے متعلق ریمارکس پر ہنگامہ، سوشل میڈیا پر سخت تنقید

جمعہ 24 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک میچ کے دوران سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر عامر سہیل کے کراچی سے متعلق ریمارکس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں عامر سہیل نے کراچی میں ’پان کی پچکاری‘ کا ذکر کرتے ہوئے اسے شہر کی پہچان قرار دیا جسے صارفین نے نامناسب اور توہین آمیز قرار دیا۔

میچ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دونوں شہروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے والا خصوصی ویڈیو پیکیج نشر کیا گیا۔ تاہم اس کے فوراً بعد عامر سہیل نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈائریکٹر یہ دکھانا بھول گئے ہیں کہ کراچی میں سب سے زیادہ پان کی پچکاری دیکھنے کو ملتی ہے اگر وہ نہیں ہو گی تو آپ کراچی کو درست طریقے سے پیش نہیں کر پا رہے‘۔

اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور ملکی معیشت کا اہم مرکز ہے اس لیے اس کے بارے میں عمومی اور منفی تاثر دینا مناسب نہیں خصوصاً ایسے موقع پر جب میچ عالمی سطح پر دیکھا جا رہا ہو۔

عماد یوسف نے کہا کہ پی ایس ایل میچ کے دوران کراچی شہر کا مذاق اڑانا نہایت افسوسناک عمل ہے۔ ان کے مطابق کراچی کو عزت دی جانی چاہیے، نہ کہ اسے تمسخر کا نشانہ بنایا جائے، خصوصاً ان افراد کی جانب سے جو عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس رویے کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔

ارسلان جٹ نے اسے انتہائی شرمناک حرکت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عامر سہیل کسی سیاسی شو میں نہیں بیٹھے کہ ایسے بات کرتے، یہ انٹرنیشنل لیول کا ایونٹ ہے یہاں سے پاکستان کی مثبت تصویر پیش کرنی ہوتی ہے۔ اگر ایسے ریمارکس دینے ہیں تو کسی کے سیاسی پروگرام میں بیٹھ جائیں وہاں کوئی نہیں روکے گا۔

سید مجید نامی صارف نے عامر سہیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کمنٹری باکس میں بیٹھے ہیں اور پوری دنیا آپ کو سن رہی ہے۔ مقابلے (ریوالری) کے نام پر آپ کچھ بھی بول دیتے ہیں۔

شہباز نامی صارف نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کیا کہہ دیا عامر سہیل نے جس سے کراچی والے سب طیش میں آ گئے ہیں۔ کیا کراچی میں واقعی پان کی پچکاریاں نہیں ہوتی؟کراچی والے تو پان کی پچکاری کو اپنا سواگ سمجھتے تھے، اس میں کیا ریسز کمنٹ ہے؟ اور ساری دنیا کو پتہ ہے لاہور کراچی سے انفراسٹرکچر میں بہت اگے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp