بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کٹک کے میدان میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 304 رنز بنائے ہیں۔ بھارتی ٹیم نے ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا جبکہ اننگز کی 33 گیندیں ابھی باقی تھیں۔
آؤٹ آف فارم بھارتی کپتان روہت شرما نے انگلش بولرز کا بھرکس نکالتے ہوئے اپنے کیریئر کی 32 ویں سینچری اسکور کر لی ہے۔ یہ ان کے ایک روزہ میچز کے کیریئر کی دوسری تیز ترین سینچری ہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 90 گیندوں پر 119 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 12 چوکے شامل ہیں۔
روہت شرما بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی سینچریاں بنانے والے تیسرے بیٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے اب تک 49 سینچریاں بنا رکھی ہیں جبکہ ان سے آگے لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر ہیں جنہوں نے 100 بین الاقوامی سینچریاں، جبکہ ویرات کوہلی نے 81 بین الاقوامی سینچریاں بنا رکھی ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے انگلینڈ کے خلاف کٹک میں اپنے کیریئر کی 32ویں سنچری بنائی۔ روہت کی اننگ میں 10 چوکے اور 7 چھکے شامل ہیں۔ یہ مجموعی طور پر ان کی 49 ویں بین الاقوامی سینچری تھی۔ pic.twitter.com/n9gKDv76PK
— WE News (@WENewsPk) February 9, 2025
روہت شرما نے آخری سینچری کب بنائی؟
بھارتی کپتان نے آج انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز 487 دن بعد سینچری بنائی جبکہ مجموعی طور پر کسی بھی فارمیٹ میں ان کی یہ 338 دن بعد سینچری ہے۔ انہوں نے 2023 کے ورلڈ کپ میں 11 اکتوبر 2023 کو افغانستان کے خلاف آخری سینچری اسکور کی تھی۔
روہت شرما نے اپنے کیریئر کی دوسری تیز ترین ون ڈے سینچری بنائی
روہت شرما نے 2023 میں افغانستان کے خلاف اپنے کیریئر کی تیز ترین ون ڈے سنچری بنائی۔ انہوں نے دہلی میں 63 گیندوں میں اپنی سینچری مکمل کی تھی ۔ آج انہوں نے کٹک میں انگلینڈ کے خلاف 76 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ روہت کی تیسری تیز ترین سنچری بھی انگلینڈ کے خلاف ہے جب انہوں نے 2018 میں 82 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔
واضح رہے کہ اپنی خراب فارم کی وجہ سے روہت شرما کو بھارتی میڈیا اور شائقین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا تھا اور شائقین انہیں ٹیم پر بوجھ قرار دے رہے تھے۔