عمران خان کا آرمی چیف کو خط قومی سطح کا جرم ہے، رانا ثنااللہ

منگل 11 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے آرمی چیف کو خط لکھنے پر سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے اس عمل کو قومی سطح کا جرم قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا آرمی چیف کو تیسرا خط لکھنے کا فیصلہ، سپریم کورٹ میں نئے ججز کا تقرر

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان خط نہیں بھیجتے بلکہ یہ ایک پروپیگنڈا ٹول ہے جس سے وہ فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسی حرکتوں سے عمران خان عوام اور فوج میں دوریاں پیدا نہیں کر سکیں گے اور ان کے لیے بھی اس چیز کے اچھے اثرات نہیں ہوں گے۔

’گورنر پنجاب کے اعتراضات درست ہیں‘

راناثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملکی معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کو بیٹھ کر فیصلے کرنے چاہییں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر پنجاب اور ان کے اعتراضات درست تھے جنہیں دور کیا جائے گا۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم نے پیپلزپارٹی سے بات چیت کے لیے کمیٹی بنائی ہے۔

’اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کا کبھی رابطہ نہیں ہوا‘

رانا ثنااللہ نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے باضابطہ رابطوں کی بات غلط ہے اور اسٹیبلشمنٹ کا پی ٹی آئی کےساتھ کبھی رابطہ نہیں ہوا۔

مزید پڑھیے: آرمی چیف عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط کا جواب دیں گے یا نہیں، عرفان صدیقی کا بڑا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں سےبات کرے اور کوئی اتحاد بنانا ہے تو وہ بھی بنائے کیوں کہ راستہ یہیں سے نکلےگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقی پی ٹی آئی کے لیے اور کوئی راستہ نہیں تاہم اگر وہ مزید زورآزمائی کرنا چاہتی ہے تو کرلے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp