نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تزئین و آرائش میں شامل مزدوروں کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس دوران تقریب آمد پر مزدوروں کا ریڈکارپٹ استقبال کیا گیا، جبکہ کل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ دیکھنے کی بھی دعوت دی گئی۔
چیئرمین پی سی بی کی جانب سے 700 سے زیادہ ورکرز کے اعزاز میں خصوصی طعام کا اہتمام کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں سہ ملکی سیریز: کراچی میں میچز کے دوران جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے دن رات محنت کرکے اسٹیڈیم کا کام مکمل کرنے پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے مزدوروں کے ساتھ فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزدوروں کو کل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ دیکھنے کی دعوت دی اور کہاکہ میچ دیکھنا آپ کا حق ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہاکہ ہم ورکرز کی انتھک محنت کے باعث آج سرخرو ہوئے، آپ نے اپنی محنت سے دل جیت لیے ہیں، سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہر مزدور ہمارا ہیرو ہے جنہوں نے خواب کو حقیقت میں بدلا۔
محسن نقوی نے مزید کہاکہ ہمیں اپنی کرکٹ ٹیم پر اعتماد ہے، ایک آدھ میچ کی ہار پر ناراض نہیں ہونا چاہیے۔ بورڈ کو کپتان محمد رضوان اور سلیکشن کمیٹی پر اعتماد ہے، ہمیں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے، ٹیم نے پہلے بھی اچھے نتائج دیے اور آئندہ بھی دے گی۔
یہ بھی پڑھیں ہمیں اپنی ٹیم پر اعتماد، ایک آدھ میچ کی ہار پر ناراض نہیں ہونا چاہیے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی
انہوں نے مزید کہاکہ کرکٹ اسٹیڈیم کی پارکننگ کے لیے سندھ حکومت نے تعاون کیا، جبکہ کراچی کی مقامی حکومت کی جانب سے تعاون کیا گیا۔