پی ٹی آئی اسمبلی میں عوامی مفاد کے بجائے اپنی بات کرتی ہے، بلال اظہر کیانی

جمعہ 14 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کنویئر پارلیمانی ٹاسک فورس برائے ایس ڈی جیز بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت اسمبلی میں ہمیشہ اپنی سیاست کی بات کرتی ہے، انہیں عوامی دلچسپی کے امور سے کوئی سروکار نہیں۔

بلال اظہر کیانی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے جھوٹ پر مبنی پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں قومی اسمبلی اجلاس میں بولنے نہیں دیا گیا، پی ٹی آئی والے صرف اپنی سیاست کی بات کرتے ہیں اور پارلیمنٹ میں شورشرابا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے چند لابیز کو خوش کرنے کے لیے سستی گیس نہ خریدی، بلال اظہر کیانی

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو اسمبلی میں بات کرنے کا بھرپور موقع دیا جاتا ہے، پارلیمنٹ میں صرف عوام ایشوز پر بات ہونی چاہیے، پی ٹی آئی رہنما اکثر اپنی سیاست کے لیے اسمبلی کارروائی کو ڈسٹرب کرتے ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آج پی ٹی آئی رہنماؤں اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان یہ طے ہوا تھا کہ وقفہ سوالات کے بعد پوائنٹ آف آرڈر پر اسد قیصر بات کریں گے، اسد قیصر کہیں چلے گئے تھے جنہوں نے بعد میں اسپیکر قومی اسمبلی کو بتایا کہ انہیں عدالت جانا پڑگیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور دوسرے پی ٹی آئی رہنما وقفہ سوالات کے دوران اسمبلی اجلاس سے باہر چلے گئے تھے، جب وقفہ سوالات مکمل ہوا تو اپنی سیاست پر بات کرنے کے لیے اجلاس میں آگئے، انہیں میں نے کہا کہ آپ کو تقریر کرنے کا موقع ملے گا مگر ایجنڈا ختم ہونے کے بعد، جس پر وہ ناراض ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: وی ایکسکلوسیو: عمران خان نے جان بوجھ کر آئی ایم ایف کا پروگرام خراب کیا: بلال اظہر کیانی

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما عوامی ایشوز پر بات نہیں کرتے ہیں، آج بھی انہوں نے کوئی بات نہیں کی ہاں ان کا ایک ممبر ضرور کھڑا ہوا تھا، آئی ٹی کا سوال تھا مگر شیر افضل مروت نے کہا کہ انہیں سپلیمینٹری سوال پوچھنا ہے۔

’جب مائیک آن ہوا تو انہوں نے اپنے تیروں کی برسات اپنی جماعت کی طرف کی اور کہا کہ میں اپنے ساتھیوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مجھے کیوں نکالا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp