یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ کوئی ایسا معاہدہ قبول نہیں کریں گے جس میں یوکرین شامل نہ ہو۔
متحدہ عرب امارات پہنچنے پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ویڈیو لنک پر یوکرینی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر جنگ بندی کے لیے دباؤ بڑھانے میں چین کی شمولیت شامل ہے، ہم کسی ایسے معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے جس میں سیکیورٹی ضمانت شامل نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: روس یوکرین جنگ بندی مذاکرات: ولادیمیر زیلنسکی بدھ کو سعودی عرب پہنچیں گے
ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ وہ بدھ کے روز سعودی عرب کا شیڈول دورہ کریں گے جس کا تعلق امریکا روس ملاقات سے نہیں ہے، یوکرین کو شامل کیے بغیر کسی بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اور نہ ہی ایسے کسی معاہدے کو مانیں گے جس میں یوکرین شامل نہ ہو۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز سعودی عرب میں یوکرین تنازع پر امریکا اور روسی حکام کی ملاقات ہوگی، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ قومی سلامتی مشیر مائیک والٹز اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی آج پہنچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے آذربائیجان سے معافی کیوں مانگی؟
دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی بھی بدھ کے روز امریکی حکام سے ملاقات ہوگی جس میں یوکرین جنگ کے خاتمے اور روس امریکا تعلقات پر بات چیت متوقع ہے۔