پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور انتقال کرگئے

منگل 18 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما و رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور انتقال کرگئے۔

اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ 82 سالہ نواب یوسف تالپور خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔

نواب یوسف تالپور گزشتہ برس 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ضلع عمر کوٹ کے حلقہ سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

نواب یوسف تالپور نے 1990 کی دہائی میں بے نظیر بھٹو کی حکومت میں وفاقی وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ 6 بار ضلع عمرکوٹ سے رکن قومی اسمبلی رہے۔ ایک طالب علم کے طور پر، انہوں نے ایوب خان کے دور حکومت میں ملک میں ون یونٹ کے خلاف تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

نواب یوسف تالپور کی نماز جنازہ ان کے آبائی شہر کنری میں آج دوپہر  2 بجے  ادا کی جائے گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عمر کوٹ سے رکن قومی اسمبلی سینئر اور سیاستدان، نواب یوسف تالپور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نواب یوسف تالپور کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا، نواب یوسف تالپور ایک زیرک، مدبر اور سلجھے ہوئے سیاسی رہنما تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواب یوسف تالپور کی سیاسی و سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، ان کے انتقال سے ملک ایک زیرک سیاستدان سے محروم ہو گیا۔
اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نواب یوسف تالپور کا انتقال ان کے اہلخانہ اور انکے حلقے کی عوام کے لیے ناقابل تلافی نقصان اور بڑا صدمہ ہے، دکھ اور غم کی مشکل گھڑی میں سوگوار خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کا شریک ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اپنے تعزیتی پیغام میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مرحوم تالپور ان کی پارٹی کا اثاثہ تھے۔ بلاول بھٹو نے یاد دلایا کہ تالپور بطور ایم این اے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے کھڑے رہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف بات کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مرحوم ایم این اے اپنے زمانہ طالب علمی سے ہی جمہوریت کے حامی کارکن تھے۔ انہوں نے ملک میں ماضی کی آمرانہ حکومت میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک کے دوران قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے تالپور کی ہمت اور استقامت کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم تالپور کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp