بلوچستان حکومت نے بعض سیاستدانوں کی جانب سے بلوچستان پر دیے گئے انتشار انگیز اور گمراہ کن بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ان بیانات کو حقیقت کے منافی اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بلوچستان کی صورتحال پر تبصرے کيے جو درست نہیں، ایسے بیانات حقیقت کے منافی اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان حکومت کا نوجوان پائلٹس کی ٹریننگ کے لیے انقلابی اقدام
’آزادی کے بارے میں کی جانے والی باتیں محض افواہوں اور پروپیگنڈے پر مبنی ہیں، بلوچستان پاکستان ہےاور رہے گا، خوشحالی اور استحکام کی راہ میں روڑے اٹکانے والے عناصر اور انکے سہولتکار کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔‘
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق بلوچستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرنیوالے بیرونی ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور ان کی جماعت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو دوبارہ مستحکم ہونے کا موقع ملا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان حکومت کا پاکستان پیٹرولیم سے متعلق تحفظات کا اظہار، وفاق سے رجوع کرنے کا فیصلہ
’بلوچستان پر اسلام آباد میں بیٹھ کر تبصرے کرنے کے بجائے ذمے دار اپوزیشن لیڈر کے طور پر کوئٹہ تشریف لائیں اور دلیل کے ساتھ حکومت سے بات کریں، یہ توقع ایک ذمہ دار سیاسی جماعت یا اپوزیشن لیڈر سے کی جاسکتی ہے سوشل میڈیا پر من گھڑت بیانیہ بنانیوالی جماعت اور اس کے اپوزیشن لیڈر سے نہیں۔‘