وزیراعظم محمد شہباز شریف ازبکستان کے 2 روزہ دورے پر تاشقند پہنچے ہیں۔ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے کانگریس سینٹرتاشقند آمد پروزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کو ازبکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان میں ’آسان خدمت‘ مرکز کا دورہ
اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کے ارکان کا ازبکستان کے صدر سے تعارف کرایا، ازبکستان کے صدر نے بھی اپنی کابینہ کے وزرا کو وزیراعظم شہباز شریف سے متعارف کرایا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف پاکستان اور ازبکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیرِاعظم تاشقند میں قائم ٹیکنو پارک کا دورہ بھی کریں گے جہاں وزیرِ اعظم کو ازبکستان کی مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کے صنعتی یونٹس کا دورہ کروایا جائے گا۔