فخر زمان اور صائم ایوب کب تک فٹ ہوسکیں گے؟ پی سی بی نے بتادیا

بدھ 5 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپننگ بیٹرز فخر زمان اور صائم ایوب کے حوالے سے اہم اپڈیٹ فراہم کی ہیں، جو زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔

صائم ایوب نے جنوری 2025 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران اپنے دائیں ٹخنے کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے کم از کم 6 ہفتے کے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے باہر ہونے کا سامنا کیا تھا۔ اسی وجہ سے وہ پاکستان کے چیمپیئنز ٹرافی اسکواڈ میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔

مزید پڑھیں: کرکٹر صائم ایوب سے تعلقات کی خبروں پر ٹک ٹاکر کشف علی نے خاموشی توڑ دی

دوسری طرف فخر زمان جو آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف سیریز میں نہ کھیلنے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کر چکے تھے اور پاکستان کے چیمپیئنز ٹرافی اسکواڈ میں بھی شامل تھے۔ تاہم 19 فروری 2025 کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ کے دوران چوٹ لگنے سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ وہ لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

پی سی بی سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ دونوں بیٹرز کو میڈیکل وجوہات کی بنا پر کسی بھی فارمیٹ میں سلیکشن کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا۔ دونوں کے لیے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ 11 اپریل 2025 کو راولپنڈی میں شروع ہونے والے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کے لیے مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp