موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان ہے۔ مغربی ہوائیں آج رات سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ بارشوں کا نیا سلسلہ مئی کے پہلے ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محمکہ موسمیات کے مطابق آج شام سے راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، جہلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان اور سندھ میں 27 اپریل سے 3 مئی تک بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، ژوب، بار کھان، قلعہ سیف اللہ، خضدار، چمن، پشین، نوشکی، لسبیلہ، آواران، خاران اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو اور شہید بینظیر آباد میں بھی بارش ہوگی جبکہ 30 اپریل سے 5 مئی تک پونچھ، باغ، کوٹلی ، نیلم میں بھی دوبارہ بارشیں رنگ جمائیں گی۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم:
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔
گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت:
چھور میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جیکب آباد، مٹھی، نواب شاہ اور سبی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بارشوں کا نیا سلسلہ خیبرپختونخوا میں ہائی الرٹ
خیبرپختونخوا میں آج شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے تناظر میں ڈی جی پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات دی ہیں۔
پی ڈی ایم اے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔ صوبے کے بعض اضلاع، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، طورغر اور مانسہرہ میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے، بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے مئی کے پہلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ سیاحوں کو بھی موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے کہ وہ دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔













