خواتین کے عالمی دن موقع پر سی ٹی او لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی عزت و تکریم کا تحفظ، ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ دین اسلام خواتین کے حقوق کے تحفظ کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ وومن ڈے کا مقصد خواتین کی صلاحیتوں کا اقرار اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم کرنا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبہ میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں۔ پنجاب پولیس میں خواتین آفیسرز اہم ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں۔ ٹریفک پولیس میں خواتین کی بڑی تعداد شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ لیڈی وارڈنز ایجوکیشن، ٹکٹنگ، لائسنسنگ اور پٹرولنگ آفیسر کے طور پر انتہائی احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ بحثیت معاشرہ ہمیں عورت کو اس کے حقوق دلانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ اچھا لب و لہجہ، نرم مزاجی اور خوش گفتاری لیڈی وارڈنز کی پہچان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیڈی وارڈنز نہ صرف سٹرکوں بلکہ دفتروں میں بھی وارڈنز کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کیے ہوئے ہیں۔ میگا ایونٹس، مذہبی تیوہار، کرکٹ میچ یا پھر روڈ سیفٹی کا معاملہ، لیڈی وارڈنز ہر طرف شہریوں کی خدمت کرتے ہوئے نظر آتی ہیں۔
ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ لیڈی وارڈنز کی فلاح و بہبود کے حوالے سے مثالی اقدامات کیے گئے ہیں۔ آئیے آج ہم خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں با اختیار بنانے کے عزم کی تجدید کریں۔