’پاکستانی فاسٹ بولرز اچھے ہیں، بہترین نہیں‘، نئی بحث چھڑ گئی

جمعرات 13 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے سابق کرکٹر معین علی نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں غیرمعمولی کارکردگی نہ دکھا سکنے پر پاکستان کے فاسٹ بولرز کی پرفارمنس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلوی کرکٹر اسٹورٹ میک گل کوکین ڈرگ کیس میں قصور وار ثابت

انگلینڈ کے ساتھی کرکٹر عادل رشید کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں معین علی کے اس تبصرے نے کرکٹ کمیونٹی میں اہم بحث چھیڑ دی ہے۔

معین علی نے اپنی گفتگو میں نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا تاہم عالمی کرکٹ میں بہترین ہونے کے حوالے سے شکوک کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عام تاثر ہے کہ پاکستان کے پاس بہترین سیمرز ہیں، مگر میرا ماننا ہے کہ وہ اچھے ہیں، لیکن بہترین نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے غلط مت سمجھیں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ نسیم شاہ، شاہین اور حارث رؤف برے ہیں، میں تو فقط یہ کہہ رہا ہوں کہ وہ بہترین نہیں ہیں۔

پاکستانی فاسٹ بولرز کے حوالے سے معین علی کا تبصرہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان تینوں کی پاکستان میں بڑے پیمانے پر تعریف کی جا رہی ہے، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ بولرز 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی میں کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بُری خبر، ہنڈریڈ لیگ میں کسی کھلاڑی کا انتخاب نہیں ہوسکا

حالیہ برسوں میں، تینوں فاسٹ بولرز کو بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف 2 اہم میچوں میں ان کی کارکردگی کا تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کے تیز رفتار بولرز مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔

شاہین آفریدی نے دونوں میچوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف بغیر کوئی وکٹ لیے 10 اوورز میں 68 رنز دے کر 6.80 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ اختتام کیا۔ جب کہ بھارت کے خلاف انہوں نے 8 اوورز کرائے، 72 رنز دے کر 9.25 کے اکانومی ریٹ سے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

نسیم شاہ نے ملی جلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف 10 اوورز میں 63 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم وہ بھارت کے خلاف اپنے 8 اوور کے اسپیل میں 37 رنز دے کر بھی کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔

یہ بھی پڑھیں:وسیم اکرم اور وقار یونس پر آج کے کھلاڑیوں کی طرح کام کا بوجھ نہیں تھا، شاہین آفریدی

حارث رؤف نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے سب سے مہنگے باؤلر تھے جنہوں نے اپنے 10 اوور کے اسپیل میں 83 رنز دیے جبکہ 2 وکٹیں لیں۔ بھارت کے خلاف وہ 7 اوورز میں 52 رنز دے کر وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp