بیجنگ انڈر پاس میں نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ کی شہری پر براہ راست فائرنگ کے واقعے پر محکمہ داخلہ پنجاب نے کمپنی کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں فائرنگ کرنے والے نجی گارڈز کس کی سیکیورٹی کررہے تھے؟ پولیس کا اہم بیان سامنے آگیا
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق اونکس سیکیورٹی اینڈ مینجمنٹ سروسز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کے دفاتر عارضی طور پر سیل کر دیے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کمپنی پر ’پرائیویٹ سکیورٹی کمپنیز (ریگولیشن اینڈ کنٹرول) (ترمیم) ایکٹ 2004‘ ضابطے کی پابندی لازم تھی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ ضابطے کے مطابق سیکیورٹی کمپنی کسی ایسے شخص کو گارڈ نہیں رکھ سکتی جو ذہنی یا جسمانی طور پر موزوں نہ ہو۔
مزید پڑھیے: ’کیا یہ بدمعاش اب لاہور پر حکمرانی کریں گے‘، نجی گارڈز کی شہری پر فائرنگ اور تشدد، صارفین کی تنقید
ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی کمپنی 30 یوم میں شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کروانے کی پابند ہے تاہم غیر تسلی بخش جواب پر سیکیورٹی کمپنی کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکیورٹی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو سوموار کو پرسنل ہیئرنگ کے لیے طلب کرلیا ہے۔