جدید پرنٹرز پاکستان پہنچنے کے بعد پاسپورٹ پرنٹنگ میں تعطل ختم ہونے کا امکان

اتوار 16 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کا پاسپورٹ کے اجرا کا نظام ای پرنٹرز کی تنصیب کے ساتھ مزید اپ گریڈ ہوگیا ہے، جس سے شہریوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تعطل ختم ہونے کا امکان ہے۔

جرمنی سے 2 جدید ای پاسپورٹ پرنٹرز اور 6 ڈیسک ٹاپ پرنٹرز کراچی پہنچ گئے ہیں، یہ پرنٹرز پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں تیزی لائیں گے جبکہ جدید پرنٹرز کی تنصیب کی نگرانی کے لیے ایک غیر ملکی ٹیکنیکل ٹیم بھی پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: میگا سینٹر ناظم آباد پاسپورٹ آفس کا افتتاح، 24 گھنٹے کام کرے گا

ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے ان کی آمد پر ای پرنٹرز سیکشن کا دورہ کیا اور ان کی  تنصیب کے عمل کے بارے میں بریفنگ لی، مصطفیٰ جمال قاضی نے اس موقع پر کہا کہ نئے حاصل کیے گئے پرنٹرز 1000 پاسپورٹ فی گھنٹہ  پرنٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مصطفیٰ جمال قاضی کا کہنا ہے کہ نئے پرنٹرز کی تنصیب کے بعد پاسپورٹ کے اجرا کا عمل مزید موثر ہو جائے گا،درخواست دہندگان کے لیے تیز رفتار سروس یقینی ہو گی۔

انہوں نے عالمی سطح پر اعلیٰ معیار کی پاسپورٹ خدمات فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گرین پاسپورٹ کا رنگ پیلا کیوں پڑ گیا؟  

انہوں نے کہا کہ یہ تنصیب پچھلے سال کے اپ گریڈ کے بعد اضافہ ہے جب 10 جدید پاسپورٹ پرنٹرز متعارف کرائے گئے تھے، جس سے محکمہ پاسپورٹ کی پیداواری صلاحیت دوگنی ہو گئی تھی، اب روزانہ 40ہزار پاسپورٹ پرنٹ ہوسکتے ہیں۔

نئے اضافے سے پاسپورٹس کے اجرا میں مزید تیزی آئے گی،جس سے ہزاروں پاکستانیوں، خاص طور پر بیرون ملک سفر کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp