پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ دہشتگردی اہم قومی مسئلہ ہے، جس میں اگر مگر کی کوئی گنجائش نہیں۔
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، ہمیں دنیا کو افغان حکومت کے کردار سے آگاہ کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں ملکی سلامتی سے بڑھ کر کوئی تحریک، کوئی شخصیت نہیں، یک زبان ہوکر بیانیہ بنانا ہوگا، آرمی چیف
بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان کے ارد گرد رہنے والے یہ مت سمجھیں کہ دہشتگردی کی آگ ان تک نہیں پہنچے گی۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں سفارتی سطح پر افغانستان میں موجود دہشتگردوں کا معاملہ اٹھانا ہوگا، اور دنیا کو بتانا ہوگا کہ افغان حکومت کا کردار کیا ہے، تاکہ بیرونی دنیا کو حقائق معلوم ہو سکیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ جو عناصر دہشتگردوں کی مالی معاونت کرتے ہیں ان کا بھی پتا لگانا ہوگا، دنیا خود کو اس خطے سے الگ نہیں رکھ سکتی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ہر طرح کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ سیاسی و عسکری قیادت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دہشتگردوں اور خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں دہشتگردوں اور خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کا فیصلہ، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری
آج ہونے والے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک انصاف نے شرکت نہیں کی، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اپنے صوبے کی نمائندگی کے لیے موجود تھے۔