ایف آئی اے امیگریشن حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزے پر سفر کرنے والا مسافر گرفتار کرلیا ہے، ملزم محمد اظہر پاکستانی پاسپورٹ پر ملاوی سفر کررہا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کی سفری دستاویزات مشکوک پائی گئیں، مسافر کے پاسپورٹ پر لگے سینیگال اور انڈونیشیا کے ویزا اسٹیکرز جعلی پائے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر ملاوی میں ملازمت اور رہائشی ویزا حاصل کرنا چاہتا تھا، جس کے لیے وہ ملاوی میں مقیم سلیم نامی ایجنٹ سے رابطے میں تھا، جس نے اسے 10 ہزار امریکی ڈالر کے عوض ویزا دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مذکورہ ایجنٹ نے مسافر کے پاسپورٹ پرجعلی ویزے چسپاں کیے تاکہ پاسپورٹ زیادہ مستند لگے، ملزم مسافر کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔