سابق وزیراعظم نواز شریف نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں رؤف عطا اور بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میرعطااللہ لانگو نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی رہائش گاہ پر ہونیوالی اس ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا، اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑبھی موجودتھے۔
یہ بھی پڑھیں: ہمیں بلوچستان کی ترقی ہمیشہ عزیز رہی، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، نوازشریف
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مسلم لیگ ن نوازشریف اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن رؤف عطا نے ملاقات کے دوران امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
میاں رؤف عطا نے نوازشریف سے سیاسی قائدین اور بلوچستان کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی درخواست کی، اعلامیے کے مطابق تمام رہنماؤں کو اکٹھا کرنے سے صوبے کے مسائل کے حل پر قومی اتفاق رائے قائم کیا جاسکے گا۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کو بلوچستان سے اتنی سیاسی سپورٹ کیوں چاہیے؟
میاں رؤف عطا نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے جمہوری طرز عمل ہی واحد قابل عمل راستہ ہے، نوازشریف نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جلد بلوچستان کا دورہ کرنے کی بھی حامی بھری۔
سابق وزیراعظم نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جاری اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوری طریقے سے ممکن ہے۔