سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ایک گروپ کی افغان سرحد سے پاکستان میں داخلے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 16 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کیلی میں خوارج کی دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی سے ناکام بنایا۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا: دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، ٹھکانے نذر آتش، کیا کلین اپ آپریشن شروع ہوگیا؟
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی دراندازی کی کوشش کو روکنے کے موقع پر فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں دہشتگردی کے معاملے پر اگر مگر کی گنجائش نہیں، دنیا کو افغان حکومت کے کردار سے آگاہ کرنا ہوگا، بلاول بھٹو
انہوں نے کہاکہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔