قطر میں گلوبل سیلبرٹی لیگ کے کرٹن ریزر ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
قطر کے رارالحکومت دوحہ میں گلوبل سیلبرٹی لیگ (جی سی ایل) کا شاندار کرٹن ریزر ایونٹ منعقد ہوا، جس میں کرکٹ اور شوبز ستاروں نے شرکت کی۔
تقریب میں جی سی ایل کے چیئرمین شیخ سعود عبداللہ الثانی نے شرکت کی، جنہوں نے قطر میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے لیگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جی سی ایل کے صدر عارف ملک نے لیگ کے مستقبل کے منصوبے پیش کرتے ہوئے قطر میں کرکٹ کی ترقی کے حوالے سے اپنے عزائم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بگ بیش لیگ : گرین شرٹس کے فینز ’پاکستان بے‘ میں بیٹھ سکیں گے
ایونٹ کی پانچ شریک ٹیموں پاکستان، بھارت، قطر، بنگلہ دیش اور افغانستان کی آفیشل کِٹ کی رونمائی بھی ہوئی۔ اس موقع پر یہ اعلان بھی کیا گیا کہ فائراوکس کے مالک وقاص علوی نے پاکستان ٹیم کی فرنچائز کی آنرشپ حاصل کرلی ہے، جس سے لیگ کی بین الاقوامی سطح پر مزید پہچان بڑھے گی۔
View this post on Instagram
تقریب میں مزید جوش و خروش اس وقت پیدا ہوا جب سابق پاکستانی کرکٹر عمران نذیر نے باضابطہ طور پر گلوبل سیلبرٹی لیگ میں شمولیت اختیار کر لی، جس سے ایونٹ میں مزید کرکٹنگ تجربہ اور اسٹار پاور شامل ہو گئی۔
سب سے بڑی اور اہم بات یہ ہے کہ لیجنڈری کرکٹر شاہد آفریدی جی سی ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر شامل ہو گئے ہیں، جس نے لیگ کی مقبولیت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نوٹس پر کوربن بوش نے کیا جواب دیا؟
جی سی ایل میں عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز اور معروف شوبز ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے، جس سے شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، یہ لیگ قطر کی وزارت کھیل و نوجوانان کے تعاون سے منعقد ہورہی ہے اور اسے عالمی سطح پر کرکٹ کی ایک منفرد لیگ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔