’بلوچستان کے عوام 20 ہزار کی خیرات نہیں حق مانگ رہے ہیں‘، مفتاح اسماعیل کی تجویز پر صارفین برہم

جمعرات 27 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے بلوچستان کے مسائل کا حل پیش کر دیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو 900 ارب روپے بجٹ ملتا ہے جبکہ صوبے کی آبادی ایک کروڑ 40 لاکھ ہے جو 20 لاکھ خاندان بنتے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں سے صرف 250 ارب روپے سالانہ بلوچستان کی عوام میں بانٹ دیں۔ ان میں سے آدھے خاندانوں کو ماہانہ 20،  20 ہزار روپے براہ راست دے دیے جائیں تو بلوچستان کے سارے مسئلے ختم ہو جائیں گے۔ لوگوں کے معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے اور یوں نہ صرف کرپشن کم ہوگی بلکہ تعلیم اور صحت بھی ملے گی۔ لیکن ہم ہر صوبے میں وہی کام کر رہے ہیں جو 75 سال سے ہو رہے ہیں اور اپنے آپ کو سیاسی سوچ کا یرغمال بنایا ہوا ہے۔

مفتاح اسماعیل کی تجویز پر صارفین کی جانب سے ان پر خوب تنقید کی گئی۔ صارفین کا کہنا تھا کہ 20 ہزار ماہانہ دینے کی تجویز ایک خیرات ہے۔

ایک صارف نے مفتاح اسماعیل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بھکاری بنا دیں، آپ کو اس سے اچھی تجویز کوئی نہیں ملی۔

اورنگزیب خان نے لکھا کہ اگر سب کو مفت پیسے دے دیے جائیں تو ترقی کون کرے گا؟

عفت صدیقی لکھتی ہیں کہ اس بجٹ سے فیکٹریاں لگائیں اور عوام کو روزگار دیں۔

ایک ایکس صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایسے لوگوں کی وجہ سے ملک کا یہ حال ہے بجائے اس کے لوگوں کو امن دیں، روزگار دیں، عزت کی زندگی جینے دیں اس کے بجائے انہیں بھکاری بنادیں۔

عدیل بلوچ نے مفتاح اسماعیل کی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام خیرات نہیں مانگ رہے بلکہ حقوق مانگ رہے ہیں۔

ایک صارف نے سوال کیا کہ جب مفتاح اسماعیل حکومت میں تھے تب ایسا کیوں نہیں کیا؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp