ناسازی طبع کے باعث کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل صدر مملکت کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے سبب انہیں قرنطینہ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل
صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ صدر مملکت گزشتہ روز نوابشاہ میں تھے کہ ان کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے بعد ان کو کراچی میں کلفٹن کے ایک نجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈاکٹر عاصم حسین نے بتایا کہ آصف علی زرداری انفیکشنز ڈیزیز کے ماہرین کے زیرعلاج ہیں اور ان سے ملاقاتوں پر مکمل پابندی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدرمملکت کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
صدر آصف علی زرداری رو بہ صحت ہیں، شرجیل میمن
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے۔
سینیئر وزیر نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ صدر آصف علی زرداری جلد مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کو علاج کی غرض سے دبئی منتقل کرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔
اسپتال میں صدر آصف زرداری ان کے میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے۔ ان کو انفیکشن اور بخار کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا۔
مزید پڑھیے: نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے والے عناصر کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے، صدر آصف زرداری
وزیراعظم شہباز شریف کا آصف زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف زرداری سے فون پر رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ صدر مملکت کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔













