پاکستان کرکٹ بورڈ میں مینٹور کی تنخواہیں کتنی ہیں؟ شعیب ملک کی وضاحت

جمعرات 3 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ مینٹورز کے پاس 5 ڈومیسٹک ٹیمز ہیں، جو 4 ڈے، ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھلیں گی۔ اس کے علاوہ ویمن کرکٹ ٹیم اور انڈر 19 کرکٹ ٹیم بھی مینٹور کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ ہمارے پاس ہائی پرفارمنس سینٹرز بھی ہیں، جہاں پلیئرز ڈویلپمنٹ ہو رہی ہے۔ لوگ 50 لاکھ پر رو رہے ہیں جو ٹیکس کاٹ کر 14 سے 15 ہزار ڈالرز (36 سے 38 لاکھ روپے) بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ثنا جاوید کو سالگرہ پر شعیب ملک نے کیا گفٹ دیا؟

نجی ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کے 5 مینٹورز 3 ہزار سے زائد انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ہمارے غیر ملکی فزیو بھی اتنے پیسے لے رہے ہیں چونکہ ان کی سکن گوری ہے وہ ہمیں قبول ہیں۔ لیکن مینٹورز، جنہوں نے ملک کی بیش بہا خدمت کی ہے، کئی اہم میچز جتوائے ہیں، ان پر آپ کو اعتراض ہیں۔

مزید پڑھیں: شعیب ملک اپنے بیٹے اذہان سے کب کب اور کہاں ملتے ہیں؟

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ کے مطابق ہمیں 240 دن دیے گئے ہیں، کہا جاتا ہے کہ مینٹورز ٹی وی پر کیوں بیٹھتے ہیں؟ یہ ہم نے نے کنٹریکٹ سے پہلے بتا دیا تھا۔ الحمدللہ میری آمدن اس سے کہیں زیادہ ہے، کہیں گے تو میں ثبوت بھی فراہم کرسکتا ہوں۔

واضح رہے کہ شعیب ملک نے کچھ دن قبل بھی ایک ٹی وی شو میں کہا تھا کہ تجزیہ کار کرکٹرز اور صحافی اپنا ہوم ورک پورا کیا کریں اس کے بعد بات کیا کریں۔ جو لوگ ان کے 50 لاکھ روپے ماہانہ کمانے پر تنقید کر رہے ہیں وہ ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ مینٹور شپ قبول کرنے سے پہلے بھی ماہانہ 50 لاکھ سے بہت زیادہ کماتے تھے اور اگر اس کے ثبوت چاہیے تو وہ بھی دینے کو تیار ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ’ہم یہاں ٹیم کی بہتری کے لیے آئے ہیں اور ہمیں اصل مسائل کا علم ہے‘۔ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کھیلتے ہیں انہوں نے صرف اپنے ملک میں کرکٹ نہیں کھیلی۔ ان کے اندر کچھ نہ کچھ ہو گا تو ہی دنیا نے انہیں کرکٹ کھیلنے کے لیے بلایا ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی فائنل: شعیب اختر نے پی سی بی پر بڑا سوال اٹھا دیا

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ’ہم یہاں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے آئے ہیں اور چیزیں آگے جا سکتی ہیں، ہم نے رپورٹس بنا کے دی ہیں ان پر کام ہو رہا ہے‘۔

یاد رہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پانچ مینٹورز کو ماہانہ 50 لاکھ اور سالانہ 6 کروڑ روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں یہ ادا کیا جانے والا ریکارڈ معاوضہ ہے۔ وقار یونس، مصباح الحق، شعیب ملک، سرفراز احمد اور ثقلین مشتاق 3 سالہ معاہدے کے تحت پورے سال کے لیے دستیاب ہوں گے اور بطور ایڈوائزر بھی کام کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp