پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف کیے گئے ملازمین اپنے حق کے لیے سڑکوں پر نکل آئے ہیں، اور بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا دے دیا ہے جس کے باعث کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی ٹرین سروس معطل ہوگئی۔
مظاہرین 6 ہزار ملازمین کو بحال کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں، اس کے علاوہ اسٹیل ٹاؤن میں بجلی اور گیس کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اسٹیل ملز کو برباد کرنے والے کون؟
ڈی ایس ریلویز کراچی ناصر خلیلی نے میڈیا کو بتایا کہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے مل ملازمین ٹریک پر احتجاج کررہے ہیں جس کے باعث ٹرین آپریشن معطل ہے۔
انہوں نے کہاکہ ڈاؤن ٹریک پر ملت، گرین لائن، کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ٹرین رکی ہوئی ہیں اور اپ ٹریک پر رحمان بابا، علامہ اقبال ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس رکی ہوئی ہیں۔
ڈی ایس ریلویز نے کہاکہ ہم اسٹیل ملز انتظامیہ سے مذاکرات کے لیے رابطہ کررہے ہیں، ہماری جانب سے مظاہرین سے براہِ راست بات نہیں کی جارہی۔
یہ بھی پڑھیں پی آئی اے کی نجکاری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کی جائے،اسٹیل ملز سندھ حکومت خرید لےگی، بلاول بھٹو
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ کچھ دیر بعد ڈپٹی کمشنر ملیر، ایس ایس پی ملیر مظاہرین کے وفد سے ملاقات کرکے ریلوے ٹریک کلیئر کروانے کی کوشش کریں گے۔