روس نے پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اپنے اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے تعمیری بات چیت کا آغاز کرنے پر زور دیا ہے۔
نائب روسی وزیر خارجہ اینڈری روڈینکو اور ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی کے درمیان ملاقات کے بعد روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ روس نے دونوں فریقین سے تحمل اور تعمیری بات چیت کی اپیل کی ہے جس کا مقصد اختلافات کا پرامن حل ہو۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کی پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش
ملاقات کے دوران، فریقین نے روس پاکستان بات چیت کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں 22 اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ پر تبادلہ خیال کیا۔
روسی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ یہ بات چیت پاکستانی سفیر کی درخواست پر ہوئی۔
مزید پڑھیں: مودی سرکار کا کشمیری مسلمانوں کے خلاف بھیانک منصوبہ، 40 ہزار انتہا پسند ہندوؤں کو ہتھیار پہنچا دیے
22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے مشہور سیاحتی شہر پہلگام میں مسلح افراد نے مشین گنوں سے فائرنگ کرتے ہوئے 26 شہریوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا تھا، حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔