چین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کے سفارتی حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ کی جانب سے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں چین اور پاکستان کے تعلقات لوہے جیسے مضبوط ہیں، نائب صدرسینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن
اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ دونوں فریق دیر پا جنگ بندی کے لیے مشاورت اور سفارتی چینل کے ذریعے آگے بڑھیں۔
دوسری جانب چینی وزیر خارجہ کا بھارت کے مشیر قومی سلامتی اجیت دوول سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں انہوں نے کہاکہ مزید کشیدگی میں اضافہ نہ کیا جائے۔ مسائل کا حل بات چیت سے نکالنا چاہیے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق بھارتی قومی سلامتی کے مشیر نے چینی وزیر خارجہ کو بتایا کہ پہلگام واقعے میں بھارتی اہلکار ہلاک ہوئے، جس پر دہشتگردی کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارت اور پاکستان جنگ بندی کے لیے پُرعزم ہیں۔
چینی وزارت خارجہ نے اس موقع پر کہاکہ ہم پہلگام سمیت ہر طرح کی دہشتگردی کی مخالفت کرتے ہیں، پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں، انہیں خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں چینی ماڈل سے متعلق خدشات غلط ثابت، پاکستان چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کو بنیاد پر بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کیے گئے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے 10 مئی کی صبح بھارت میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، اور اب دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر ہوگیا ہے۔