عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوئی ہے، خام تیل کی قیمت رواں سال 20 جنوری کو 82 ڈالر تھی، یکم مئی کو 62 ڈالر فی بیرل جبکہ معمولی اضافے کے بعد 65.76 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے سے کتنے ارب روپے بچا کر بلوچستان کی سڑکیں بنائی جائیں گی؟
میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 2 سے 3 روپے فی لیٹر کمی ہو گی جبکہ تجزیہ کاروں کے مطابق چونکہ گزشتہ 15 دنوں میں خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور ڈالر کی قدر بھی ایک روپے 37 پیسے بڑھی ہے، اس لیے پیٹرول کی قیمت میں کمی تو نہیں البتہ معمولی اضافے کا امکان ہے۔
حکومت کی جانب سے ہر 15 روز بعد پیٹرول کی قیمت میں ردوبدل کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں پیٹرول کی قیمت انڈیا، بنگلہ دیش اور نیپال کے مقابلے میں کم ترین ہے، وزیرپیٹرولیم
30 اپریل کو جب پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کی کمی کی گئی تھی اس وقت ڈالر کی قیمت 280.60 روپے تھی جو کہ اب 281.97 روپے ہو گئی ہے جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت اس وقت 62 ڈالر فی بیرل تھی جو کہ اب 65.76 ڈالر ہو گئی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت پیٹرول کی قیمت میں معمولی اضافہ ممکن ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ اوگرا کی سمری کی روشنی میں 15 مئی کی شب کرے گی۔