وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن نے دوبارہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کے پاؤں تلے روند دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اکیسویں صدی کی سب سے طویل جھڑپوں میں دشمن کی برتری کی خوش فہمی خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے کامرہ ایئر بیس پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی جانب سے پاک فضائیہ کے جوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرنے آئے ہیں، وہ قوم کے بیٹوں سے مل کر آرہے ہیں جنہوں نے مختصر جنگ میں دشمن کے نہ صرف دانت توڑے بلکہ اس کے گھمنڈ اور غرور کو بھی اپنی اعلیٰ ترین پروفیشنل مہارت اور دلیری کے ساتھ دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 6 مئی سے لے کر 10 مئی کے جو دن گزرے ہیں، 10 مئی کے اختتام سے پہلے پوری دنیا کو آپ نے ورطہ حیرت میں ڈال دیا، آپ نے دشمنوں کے چودہ طبق روشن کردیے، آپ نے دوستوں اور بہی خواہوں کے اعتماد کو آسمان تک پہنچا دیا۔
یہ بھی پڑھیے بھارت کا غرور خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات
’میرے شاہینو اور قوم کے عظیم بیٹو اور بیٹیو! پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے ایسی شاندار فتح پہلے ہمیں کبھی نصیب نہیں ہوئی ہے، آپ نے اس شاندار فتح سے نہ صرف دنیا کی سوچ کو تبدیل کردیا بلکہ خطے اور پوری دنیا میں توازن کو تبدیل کردیا۔‘
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی اس کارکردگی پر پاکستانیوں کے تو سر فخر سے بلند ہیں۔ ہم نے دشمن کو بھی یہ پیغام دے دیا کہ اگر دوبارہ کبھی ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو آپ کو اپنے پاؤں تلے روند دیں گے۔ میں سپاہ سالار جنرل سید عاصم منیر، ایئرچیف ظہیر احمد بابر، نیول چیف اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ 10 مئی کو پوری دنیا میں ایک ہی گونج اٹھی کہ یہ جنگ پاکستان نے اپنی تکنیکی مہارت، اپنی ریسرچ کے ساتھ جیتی۔
ہمارے شاہینوں نے تھانیدار کا بت پاش پاش کردیا
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے دشمن کے 5 نہیں 6 جہاز گرائے اور ڈرون بھی مارے۔ دشمن کئی گنا بڑا ہے اور حالیہ عرصے میں اس نے سیکڑوں ڈالر خرچ کرکے جدید ترین اسلحہ خریدا، اور دنیا کو بتایا کہ وہ تھانیدار ہے، مگر ہمارے شاہینوں نے 10 مئی کی شام کو اس تھانیدار کا بت پاش پاش کردیا۔ اب کوئی رہتی دنیا تک اس طرح کے غرور اور گھمنڈ میں مبتلا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں وہ تاریخ رقم کی ہے جسے قیامت تک دوست اور دشمن پڑھتے رہیں گے۔ جنگ میں دشمن کے 3 رافیل طیارے گرائے اور یہ معرکہ ہمارے شاہینوں نے سر کیا۔ رافیل کو ہمارے شاہینوں نے جو نشانہ بنایا اسے مودی قیامت تک یاد رکھے گا اور دنیا بھی یاد رکھے گی۔ وطن کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہماری مسلح افواج نے جان ہتھیلی پر رکھ کر یہ جنگ لڑی، اور اللہ تعالیٰ نے یہ عظیم کامیابی عطا فرمائی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم یک جان دو قالب ہے۔ اس مختصر جنگ کے دوران 24 کروڑ عوام، مائیں، بزرگ سجدہ ریز تھے اور جنگ میں پاک فوج کی کامیابی کی دعائیں کررہے تھے۔ آپ کی کامیابی قوم کی کامیابی ہے۔
ہمارے شاہینوں نے ایم ایم عالم، سیسل چوہدری اور سرفراز رفیقی کی یاد تازہ کرا دی
وزیراعظم نے کہا کہ’ہمارے شاہینوں نے ایم ایم عالم، سیسل چوہدری اور سرفراز رفیقی کی یاد تازہ کرا دی، ہم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، اس جنگ میں عسکری قیادت نے فرنٹ سے لیڈ کیا ہے، ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان منائیں گے۔‘
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کبھی لغزش نہیں آئے گی۔
یہ بھی پڑھیے پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی فضائیہ کو پہنچائے گئے نقصان کی تفصیلات سامنے آگئیں
’دشمن نے ہماری امن کی پیشکش کو جس گھمنڈ میں ٹھکرایا‘
شہباز شریف کا کہنا تھا اس جنگ میں ہمارے اور دشمن کے درمیان فرق یہ تھا کہ ہم نے تحمل اور برداشت کا دامن نہیں چھوڑا، اور یہ فیصلہ کیا کہ دشمن نے ہماری امن کی پیشکش کو جس گھمنڈ میں ٹھکرایا، اس کا دشمن کو سوچ سمجھ کر جواب دیں گے، دشمن نے ہمارے ننھے منے بچوں کو شہید کیا مگر ہماری افواج نے دشمن کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور اس کے اوسان خطا کردیے۔
’تمھارا جنگی جنون کا بخار اترچکا ہے، اب امن کی بات کرو‘
وزیراعظم نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں مگر دشمن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھے، میں دشمن کو کہنا چاہتا ہوں کہ تمھارا جنگی جنون کا بخار اترچکا ہے، اب امن کی بات کرو اس کے لیے ہم تیار ہیں، اور اس امن کے لیے جو لازمی شرائط ہیں وہ تمھیں اچھی طرح پتا ہیں کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا۔
’جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا، کشمیر میں تحریک جاری رہے گی‘
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں مل جاتا، آئیں! اس کے لیے بیٹھ کر بات کریں تاکہ یہ ایشو ، جو کبھی بھی جنگ کی آگ کو بھڑکا سکتا ہے، حل ہوجائے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلگام کے حوالے سے بھارت نے پاکستان پر جھوٹا الزام لگایا، بھارت نے پوری دنیا میں اپنی جگ ہنسائی کی، دنیا کو پتا لگ گیا کہ یہ ایک خول ہے، ایک بڑی طاقت کا اندر سے کھوکھلا پن ہے۔