سوشل میڈیا پر ایک خبر خاصی وائرل ہورہی ہے جس کے مطابق حکومت ان کرنسی نوٹس کو منسوخ کرنے والی ہے جن پر قلم سے کچھ لکھا یا نشان لگایا گیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں:
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایسے تمام نوٹ 30 جون تک ہی کارآمد رہیں گے اور ان کو بینک سے تبدیل کروایا جاسکتا ہے تاہم یکم جولائی کے بعد ایسے تمام کرنسی نوٹ جن پر ہاتھ سے کچھ بھی تحریر ہوگا وہ کسی کام کے نہیں رہیں گے۔
اس حوالے سے میڈیا نے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کیا تاکہ اس خبر کی تصدیق یا تردید ہوسکے جس پر بینک نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا کہ جن کرنسی نوٹس پر قلم کے نشانات یا ہاتھ کی تحریریں ہوں گی وہ یکم جولائی 2025 کے بعد قابل استعمال نہیں رہیں گے۔
مرکزی بینک نے ایسی رپورٹوں کو غلط اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے چیف ترجمان نور احمد نے واضح کیا ہے کہ مرکزی بینک نے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کرنسی نوٹ قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تقدس برقرار رکھنے کے لیے انہیں احتیاط سے ہینڈل کیا جانا چاہیے تاہم قلم کے نشان والے نوٹوں کے استعمال پر پابندی کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔