مسلح افواج نے بھرپور عزم کے ساتھ وطن کا دفاع کیا، پارلیمان کا کردار بھی مثبت رہا، نواز شریف

ہفتہ 17 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کے دوران پارلیمان نے سیاسی تقسیم بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا جو خوش آئندہے۔

نواز شریف سے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی، اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صور تحال اور پاکستان بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں نیویارک ٹائمز نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کو مسلح افواج پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیدیا

نواز شریف نے کہاکہ مسلح افواج پاکستان نے پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور عزم کے ساتھ وطن کا دفاع کیا، اللہ کا شکر ہے جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے دوران پارلیمنٹ نے قوم کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی اور اپنا مثبت کردار ادا کیا، ایسے موقع پر سیاسی تقسیم سے بالاتر ہوکر سب کا ایک زبان ہونا خوش آئند ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہاکہ پاکستان کے میڈیا نے سچائی کو دنیا کے سامنے رکھ کر دشمن کے جھوٹ کو بے نقاب کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے ملاقات جاتی امرا میں ملاقات کی اور آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیابی اور ملکی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں قومی یکجہتی کو قائم رکھنے کے لیے سیاسی صورتِ حال پر بھی غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ نواز شریف حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران کہاں غائب رہے اور بھارت کے خلاف بیان کیوں نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان اور بھارت کی جنگ میں لاکھوں لوگ قتل ہوسکتے تھے، ڈونلڈ ٹرمپ

بھارت کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ سے قبل نواز شریف وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے تھے، کچھ دن قبل پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا تھا کہ بھارت کے خلاف آپریشن نواز شریف کی نگرانی میں فائنل ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp