پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کا دوبارہ آغاز ہوا جہاں افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے آرمی چیف بھی موجود تھے۔
پی ایس ایل 10 کے کرکٹ میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوبارہ شروع ہو گئے جہاں کراچی کنگز اور پشاور زلمے کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔
میچ سے قبل کھلاڑیوں اور آفیشلز نے پاکستان کی مسلح افواج سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی یہ میچ اسٹیڈیم میں براہ راست دیکھا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی موجود تھے۔ میچ شروع ہونے سے پہلے پاکستان کی بہادر افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: آرمی چیف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچ گئے، پی سی بی نے پی ایس ایل کے 3 دن افواج کے نام کردیے
میچ کے آغاز سے قبل شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
قومی ترانہ کے اختتام پر اسٹیڈیم نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
پاکستان سپر لیگ کے 3 دن آرمی، نیوی اور ائیر فورس کے نام کردیےگئے۔ پہلا دن آرمی، دوسرا دن نیوی اور تیسرا دن ائیر فورس کے نام کردیا گیا۔
بھارتی جارحیت کی وجہ سے پی ایس ایل کے بقیہ میچز ملتوی کرنے پڑے تھے جو دوبارہ سے شروع ہو چکے ہیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا دوبارہ شروع ہونا ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور آرمی چیف کی موجودگی کے باعث عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔