’پاکستان جانے والے ہر فرد کو پکڑا جائے‘، بھارت میں چلنے والے ٹرینڈ پر پاکستانیوں کے زبردست وار

پیر 19 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ تنازعے کے بعد بھارت کی پولیس نے پاکستانی حکام سے مبینہ روابط اور پاکستان کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں چند افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں معروف یوٹیوبر، ایک یونیورسٹی پروفیسر، اور کئی عام شہری شامل ہیں۔ ان افراد پر الزام ہے کہ وہ بعض پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں تھے اور’آپریشن سندور‘ سے متعلق معلومات ان کے ساتھ شیئر کر رہے تھے۔

انڈین سوشل میڈیا پر ان لوگوں کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور صارفین بھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف مثبت رپورٹنگ کرنے والے تمام لوگوں کو گرفتار کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی، وہ یادگار تصاویر جو ہمیشہ یاد رہیں گی

مسٹر سنہا نامی ایک صارف نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر لکھا کہ گزشتہ 4–5 سالوں کے دوران جو بھی نام نہاد انفلوئنسر پاکستان گیا ہے اور اس کے بارے میں مثبت رپورٹنگ کی ہے، اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں کیونکہ بہت زیادہ امکان ہے کہ وہ آئی ایس آئی کے لیے کام کر رہے ہوں۔

پاکستانی صحافی فیضان لاکھانی نے اس ٹوئٹ کے جواب میں چند بھارتی کھلاڑیوں کی ویڈیوز شیئر کیں جن میں سارو گنگولی، وریندر سہواگ، ہربھجن سنگھ اور دھونی شامل تھے۔ ویڈیو میں یہ بھارتی کھلاڑی پاکستان کی تعریف کرتے نظر آ رہے تھے۔ فیضان لاکھانی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ان سب کو بھی گرفتار کرنا ہے۔

شیئر کی گئی ویڈیو میں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کہتے ہیں کہ وہ ڈیڑھ مہینہ پاکستان میں رہے، اسلام آباد اور لاہور گئے اور ایسی مہمان نوازی نہیں دیکھی جیسی پاکستان میں تھی۔ ہوٹل، لوگ، کھانا اور سہولیات بہت اچھی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور بہت خوبصورت ہے اور ہم چاہتے ہیں بھارت ایسے ہی پاکستان کا ٹور کرے کیونکہ جب تک آپ پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلو گے آپ کو پتہ نہیں چلے گا۔

وریندر سہواگ نے کہا کہ وہ کرکٹ کھیلنے پاکستان آئے تھے تو انہیں بہت پیار ملا، انہوں نے کہا کہ جب وہ پاکستان سے آنے لگے تو انہیں چند لیڈیز کپڑے اور جوتے چاہیے تھے کیونکہ ان کی شادی تھی۔ سابق کھلاڑی نے بتایا کہ جب وہ کپڑے اور جوتے خرید چکے تو دکانداروں نے ان سے پیسے نہیں لیے اور کہا کہ ’آپ تو ہمارے مہمان ہیں ہم مہمان سے کیسے پیسے لے سکتے ہیں، اور میں وہاں سے تیس پینتیس سوٹ اور جوتے لایا اور کسی نے پیسے نہیں لیے‘۔

ہربھجن سنگھ نے کپل شرما کے شو میں بتایا کہ پاکستان کے وزٹ کے دوران ان سے کسی نپاکستانی نے نہ کھانے کے پیسے لیے اور نہ ہی شاپنگ کے۔ جبکہ دھونی کا کہنا تھا کہ آپ کو لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک بار پاکستان ضرور جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں جب بھی گیا، وہاں کا کھانا ہمیشہ سب سے اچھا پایا اور میں پاکستانی کھانوں کا مداح بن گیا ہوں۔

محمد علی لکھتے ہیں کہ نریندر مودی سے بھی تحقیقات کریں کیونکہ انہوں نے بھی پاکستان کا دورہ کیا ہے۔

ایک پاکستانی صارف نے ابھینندن کی ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ اس کا کیا کرنا ہے یہ پاکستان کے بارے میں بہت مثبت رائے رکھتے ہیں۔

ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ کیا انڈیا میں تعلیم پر پابندی ہے؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp