وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پارلمانی پارٹی کے 205 ایم پی ایز میں سے 180 ایم پی ایز نے شرکت کی۔ اجلاس میں آ پریشن بنیان مرصوص کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں 80 سے زائد ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر ارکان اسمبلی کا اظہار تشکر کیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 3 گھنٹے خطاب کیا اور پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پنجاب کے اندر 80 سے زائد پنجاب حکومت کے پروجیکٹس چل رہے ہیں، تمام اراکین ان پروجیکٹس اپنے اپنے حلقوں میں خود نگرانی کریں، ہم محنت کر رہے ہیں، نتائج اچھے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیے جا بجا لٹکتی بجلی کی تاروں سے چھٹکارا، مریم نواز نے پنجاب کے عوام کو خوشخبری سنادی
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مریم نواز نے اراکین اسمبلی سے پوچھا کہ کسی ایم پی اے کو کوئی شکوہ شکایت ہے تو وہ اس فورم پر بیان کر سکتا ہے۔ دو، چار منٹ کی خاموشی کے بعد مریم نواز نے کہا کہ ایم پی ایز کے پاس کوئی شکوے شکایت نہیں ہیں۔ اس پر ایک ضلع تلہ گنگ سے تعلق رکھنے والی ایم پی اے نے بتایا کہ ان کے حلقے کو مزید بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ جس پر مریم نواز نے کہا جہاں ضرورت ہوگئی ہم کام کروائیں گے۔ جن شہروں میں ناجائز تجاوزات کو ہٹایا گیا ہے، ان کو خوبصورت بنایا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اراکین کو بات کرنے کے لیے صرف پندرہ منٹ دیے گئے تھے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بھی اس اجلاس کو چئیر کیا۔ رانا ثناء اللہ نے پارلیمانی پارٹی کے اراکین کو ہدایت دی کہ یہ وقت ہے جو پنجاب حکومت نے پرواجیکٹس شروع کیے ہیں سب اس کی اونر شپ لیں۔ شکوے شکایتوں میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ صاف ستھرا پنجاب پروجیکٹ ہمارے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرز حکمرانی سے پریشان کیوں ہیں؟
اجلاس میں اسپیکر ملک احمد خان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ مریم نواز نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اسمبلی کو اچھا بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اجلاس میں اسپیکر ملک احمد خان نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے اندر 2 مزلہ نئی عمارت بنائی جارہی ہے جس کے اندر 50 کے قریب اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے آفسز اور کمیٹی رومز بنائے جائیں گے۔