بھارت کے معروف اداکار سلمان خان کو کافی عرصے سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں جس کے بعد ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے لیکن اس کے باوجود ایک نامعلوم شخص نے سلمان خان کے باندرہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹ میں گھسنے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے انکشاف کیا کہ جتیندر کمار سنگھ نامی 23 سالہ نوجوان نے 20 مئی کو اداکار سلمان خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق جتیندر کو پہلی بار صبح 9:45 بجے کے آس پاس سلمان خان کے باندرہ میں واقع گھر کے آس پاس گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کے بعد سلمان کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس افسر نے اسے وہاں سے جانے کو کہا جس پر وہ غصے میں آ گیا اور اس نے اپنا موبائل فون زمین پر پھینک کر توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کو گھر میں قتل کردیں گے، پولیس کو یہ پیغام کس نے پہنچایا؟
اسی دن شام کے وقت جتیندر ایک ایسی کار میں سوار ہو کر گلیکسی اپارٹمنٹس میں داخل ہوا جو اسی عمارت میں رہنے والے شخص کی تھی۔ تاہم، اسے دوبارہ پولیس نے روک لیا۔ اس بار پولیس نے اسے باندرہ پولیس کے حوالے کر دیا۔
تفتیش کے دوران جتیندر نے پولیس کو بتایا کہ وہ اداکار سے ملنا چاہتا تھا لیکن پولیس اسے ملنے نہیں دے رہی تھی اس لیے وہ چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔
جتیندر چھتیس گڑھ کا رہائشی ہے جسے پولیس نے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ واقعے کے وقت سلمان خان اپنے گھر پر موجود تھے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قتل کی دھمکیوں کے بعد سلمان خان نے سوشل میڈیا پر کیا پیغام دیا؟
واضح رہے کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران سلمان خان کو متعدد دھمکیاں ملی ہیں، جس کی وجہ سے ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس اس واقعے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور سلمان خان کی حفاظت کو یقینی بنانے اور پیغام کے پیچھے موجود محرکات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
گزشتہ سال 5 نومبر کو، ممبئی پولیس کو سلمان خان کے خلاف مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا۔ اس پیغام میں اداکار کو دو آپشنز دیے گئے: معافی مانگو یا زندہ رہنے کے لیے 5 کروڑ روپے دو۔ اسے بعد میں ایک اور دھمکی آمیز پیغام بھی ملا جس میں کہا گیا کہ کہ اداکار کو ان کے گھر میں قتل کر دیا جائے گا۔