دفتر خارجہ نے بھارت میں ایٹمی مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری بلیک مارکیٹ کا وجود بھارت کے جوہری سلامتی کے نظام پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔
مزید پڑھیں: جوبائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ دونوں امریکی صدر بننے کے لائق نہیں، جان بولٹن
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو اپنے جامع جوہری تحفظاتی نظام اور مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ سابق امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جیسے انتہا پسند سیاستدان کے متنازع بیان کی بنیاد پر پاکستان پر سوالات اٹھائے۔
ترجمان کے مطابق راج ناتھ سنگھ کا تعلق ایک ہندو انتہا پسند جماعت سے ہے جو پاکستان کو مسلسل جارحانہ دھمکیاں دیتی رہی ہے۔ ایسے متعصب افراد کے ہاتھوں بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کا کنٹرول عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی سیاسی و سماجی انتہا پسندی، میڈیا کے رویے اور ایٹمی مواد کی غیر قانونی خرید و فروخت کے واقعات عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے ایٹمی پروگرام اور اس کے سیکیورٹی نظام پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرنی چاہیے۔