وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے جڑواں شہروں سمیت 13بڑے شہروں میں ہاؤسنگ منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

اتوار 25 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جوائنٹ وینچر کے نئے قوانین کی منظوری کے بعد فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ اتھارٹی نے جڑواں شہروں سمیت 13بڑے شہروں میں ہاﺅسنگ منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایف جی ای ایچ اے حکام کے مطابق ملک میں بڑھتی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے اور بالخصوص وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے ارزاں رہائشی منصوبوں کے قیام کے لیے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ اتھارٹی نے نجی شعبے سے جوائنٹ وینچر کو پرکشش اور کامیاب بنانے کے لیے ’جے وی اینڈ پی پی پی رولز 2025 ‘منظور کر لیے ہیں ۔ جس کے تحت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کو سرمایہ کاروں کی جانب سے اظہار دلچسپی کی حوصلہ افزا درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایف 14، 15 ہاؤسنگ اسکیم ختم کرنے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ

ایف جی ای ایچ اے نے اس ضمن میں راولپنڈی ،اسلام آباد، اٹک، لاہور، پشاور، کوئٹہ ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، حیدر آباد، ایبٹ آباد، گوجرانوالہ اور کراچی میں جوائنٹ وینچر کی طرز پر نئے رہائشی منصوبے شروع کرنے کے لیے اظہار دلچسپی کی درخواستیں طلب کی ہیں۔

متعلقہ قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والی فرمز، زمین مالکان، ڈویلپرز، انویسٹرز، کارپوریٹس ہاؤسنگ باڈیز اور افراد اظہار دلچسپی کی درخواستیں 30جون 2025 تک دے سکتے ہیں ۔ نئے ہاؤسنگ منصوبے وفاقی حکومت کے ملازمین اور عام لوگوں کے لیے جوائنٹ وینچر کی بنیاد پر شروع کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے بڑی خبر، پنشن رولز میں نئی ترامیم کردی گئیں

واضح رہے کہ ماضی میں بھی جوائنٹ وینچر کے تحت رہائشی منصوبے شروع کرنے کے اقدامات کیے گئے تھے تاہم ’جے وی اینڈ پی پی پی رولز2020‘ میں سرمایہ کاروں اور فرمز کے حقوق کے تحفظ کی عدم موجودگی کے باعث یہ منصوبے شروع نہ کیے جاسکے تاہم اب حکام کا کہنا ہے کہ ’جے وی اینڈ پی پی پی رولز 2025‘سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کے لیے انتہائی پرکشش بنائے گئے ہیں اور ان رولز میں سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp