راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں بل بورڈز گرنے کے ساتھ ساتھ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ سے 3 خواتین جاں بحق، ایک شخص لاپتا اور ایک مسجد شہید ہوگئی، جبکہ 20 سے 25 مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش، خیبرپختونخوا میں ژالہ باری سے گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان
سہ پہر کے وقت اچانک آسمان پر گہرے بادل چھائے اور دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا، اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر لگا بل بورڈ گرگیا۔
شہریوں نے چھتوں پر لگے ہوئے سولر پینلز کو بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے۔ کچھ روز قبل آنے والی آندھی کے باعث سولر پینلز چھتوں سے اڑ گئے تھے، جبکہ مختلف حادثات میں 14 افراد زندگی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا ہوئی، اور اس دوران مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے علاقے گلزار چوک متنی میں شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث ایک ہوٹل کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔
جب حادثہ پیش آیا تو ہوٹل پر متعدد افراد موجود تھے، مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبنے والوں کو باہر نکالا، اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی تباہی پر ابتدائی رپورٹ جاری
مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی تباہی پر ایس ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق کلاؤڈ برسٹ تحصیل پٹہکہ نصیرآباد کے نواحی گاؤں کھیتار بلگراں میں ہوا، جس سے ہر طرف تباہی مچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ماں بیٹی سمیت 3 خواتین جاں بحق ہو گئیں، جن کی شناخت ضیاور جان زوجہ مسکین، شیرنہ بی بی دختر مسکین اور گوری بی بی دختر جلال دین کے ناموں سے ہوئی۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق ایک شخص جلال دین تاحال لاپتا ہے جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قدرتی آفت سے 20 سے 25 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ ایک مسجد بھی شہید ہو گئی۔
خیبرپختونخوا میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی آج بارش اور آندھی کے باعث ہونے والے حادثات میں نقصانات کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق صوبے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ بارش اور آندھی کے باعث مجموعی طور پر 9 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات صوابی، پشاور، شانگلہ، سوات اور ہری پور میں پیش آئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی ژالہ باری کے باعث گھروں کے شیشے ٹوٹنے کے ساتھ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد میں پھر ژالہ باری کا الرٹ، شو رومز مالکان نے حفاظتی اقدامات کرلیے
محکمہ موسمیات نے آج قبل از وقت شہریوں کو بتایا تھا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، لہٰذا اس دوران احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔