محکمہ داخلہ نے کالعدم تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کی فہرست جاری کرکے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ان کالعدم تنظیموں اور ان کے ذیلی اداروں کو قربانی کی کھالیں ہرگز نہ دیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997کے تحت کالعدم تنظیموں کی ہر قسم کی معاونت جرم ہے، دہشتگردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث کالعدم تنظیموں کی امداد کرنے والے قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: قربانی کی کھالیں: سندھ میں ضابطہ اخلاق جاری
محکمے داخلہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قربانی کی کھالیں صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دیں، تمام رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ سے کی جاسکتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق متعلقہ ڈپٹی کمشنرز مدارس اور خیراتی تنظیموں کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کا اجازت نامہ دیتے ہیں، شہری یقینی بنائیں کہ جسے قربانی کی کھال دے رہے ہیں ان کے پاس چیریٹی کمیشن یا ڈپٹی کمشنر کا سرٹیفیکیٹ موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیے: قربانی کی کھالیں کیسے کراچی میں گینگ وار کا سبب بنتی رہی ہیں؟
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ شہری یقینی بنائیں کہ ان کی امداد دہشتگردوں کی بجائے صحیح حقدار تک پہنچ رہی ہے، رجسٹرڈ اداروں کی تفصیلات محکمہ داخلہ پنجاب کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ کالعدم تنظیموں کی جانب سے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اطلاع 15، ٹال فری نمبر 080011111 یا ہیلپ لائن نمبر 04299214871 اور 04299214872 پر دی جاسکتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب چیریٹی کمیشن اور نیکٹا کی ویب سائٹ پر تمام کالعدم تنظیموں کی تفصیلات دی گئی ہیں۔