سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کے زیر اہتمام حج میڈیا فورم کے عنوان سے ایک خصوصی فورم کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد حج اور میڈیا کے نظام کو مربوط طریقے سے ہم آہنگ کرتے ہوئے 2025 کے حج سیزن کی جامع اور جدید کوریج کو یقینی بنانا ہے۔
اس منفرد اقدام کے تحت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اسٹوڈیوز اورعالمی میڈیا نمائندگان کی شراکت سے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے جو نہ صرف حج سروسز میں ہونے والی تبدیلیوں کو اجاگر کرے گا بلکہ جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے مستند اور بامعنی مواد کی تیاری کو بھی فروغ دے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب کا حج ویزا کے بغیر مکہ شہر میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ
فورم کے تحت ایک مرکزی ڈیجیٹل میڈیا ہب بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سے حج کے تمام مراحل کی لائیو کوریج، تجزیے، اور رپورٹس عالمی میڈیا اداروں تک بروقت پہنچائی جائیں گی۔ اس مرکز میں کئی زبانوں میں ترجمہ، بریفنگز، اور فوری ویژول مواد فراہم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں کے لیے ایک نیا ضابطۂ اخلاق بھی پیش کیا گیا، جس کا مقصد حج کی روحانیت، ثقافتی حساسیت اور زائرین کی نجی زندگی کا احترام برقرار رکھتے ہوئے رپورٹنگ کے بہترین اصولوں کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب کا غیر قانونی طور حجاج، سہولت کاروں کے لیے سزاؤں کا اعلان
تقریب میں 5000 سے زائد مقامی، بین الاقوامی اور بااثر میڈیا شخصیات نے شرکت کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حج کوریج کو عالمی معیار کے مطابق پیش کرنے کا پختہ عزم ہے۔