پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، عالمی برادری اس میں اپنا کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کرے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستانی عوام دہشتگردی کے خلاف، خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا، بلاول بھٹو
نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ بات چیت اور سفارتکاری سے کسی بھی مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کے کردار ادا کرنے سے جنوبی ایشیا میں دائمی امن قائم ہو سکتا ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے، لیکن دوسری طرف سے انکار کیا جاتا ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہم مستقل جنگ بندی کے لیے بھی عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہاکہ بھارت اپنے عوام سے حقیقت چھپا رہا ہے، کیوں کہ وہ جنگ ہار چکا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کون سی حکومت اور کون سا میڈیا پاک بھارت جنگ کے بعد اپنے عوام سے جھوٹ بول رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ عالمی برادری کو چاہیے پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کے تنازع کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے، جبکہ دہشتگردی کے معاملے پر بھی بات چیت کی جائے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاک بھارت جنگ کے دوران ہم نے بھارت کے 6 طیارے تباہ کیے اور انہیں یہ تسلیم کرنے میں ایک مہینے کا وقت لگ گیا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پاکستان کے سفارتی وفد کی سربراہی کررہے ہیں، جو اس وقت نیویارک میں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں بھارتی جارحیت اور علاقائی امن پر عالمی رائے ہموار کرنے بلاول بھٹو کا وفد نیویارک میں متحرک
پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ میں کئی ممالک کے نمائندوں سے ملاقات کرکے پاک بھارت کے جنگ کے دوران کی صورت حال اور اس کے بعد بھارت کی جانب سے کیے جانے والے پروپیگنڈے سے آگاہ کیا اور پاکستان کا مؤقف سامنے رکھا۔