رواں سال کسانوں کو کون سی فصلوں میں نقصان ہوا ہے؟

جمعرات 12 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ایک زرعی ملک ہے جس کی زرعی آمدنی ملکی معیشت کا ایک اہم جز سمجھی جاتی ہے، دنیا بھر میں زرعی شعبے میں ترقی ہو رہی ہے اور کم سے کم قابل کاشت زمین کے استعمال سے زیادہ سے زیادہ فصل حاصل کی جا رہی ہے لیکن حالیہ اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اہم فصلوں کی پیداوار میں بڑی کمی ہوئی ہے۔

 کپاس کی فصل کی پیدوار میں 30 فیصد، مکئی میں 15.4 فیصد، گندم کی فصل میں 8.9 فیصد، چاول کی فصل میں 1.4فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، دوسری جانب آج کل بھنڈی کا ریٹ منڈی میں 50 روپے فی من ہو گیا ہے جس وجہ سے کسانوں نے بھنڈی جانوروں کو بطور چارہ دینا شروع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا کسان اگلے برس گندم کی فصل نہیں اُگائیں گے؟

ملک میں ہر سال فصلوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہی ہوتا ہے، تاہم گزشتہ سال گندم کی کی فصل میں کسانوں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، گندم کی فی من قیمت 5 ہزار روپے سے 2300 روپے تک گر گئی جس سے کسانوں کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین بتھ کے مطابق صرف گندم کے ریٹ میں کمی سے کسانوں کا 2000 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، کسانوں نے مہنگے داموں بیج اور کھاد خریدے، پھر فصل کو پانی لگانے کے لیے ڈیزل کی مد میں اخراجات اور پھر فصل کی تیاری کے بعد فی من ریٹ میں 50 فیصد سے زائد کمی ہو گئی۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں ہیٹ ویو، انسانوں کے ساتھ ساتھ فصلوں کے متاثر ہونے کا بھی خدشہ

’اس سال بھی گندم کی پیداوار میں 8.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ سال تو اس سے بھی زیادہ کمی ہو گی، کسانوں کے فصل پر تیاری کے دوران آنے والے اخراجات بھی موجودہ ریٹس میں پورے نہیں ہوتے ہیں۔‘

راولپنڈی کے معروف راجہ بازار میں اشیا خورونوش کے کاروبار سے منسلک سردار عمیر حیدر نے وی نیوز کو بتایا کہ گندم کے کاشتکاروں کا تو انتہائی زیادہ نقصان ہوا ہے، سبزیاں کاشت کرنے والوں کو ابھی بھی نقصان ہو رہا ہے اور مستقبل میں بھی نقصان کے بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

مزید پڑھیں: کسان کارڈ کے تحت پنجاب میں اب تک کتنے کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہوئی؟

’اس کی وجہ یہ ہے کہ پہلے پاکستانی سبزیاں افغانستان بھیجی جاتی تھیں جہاں ریٹ بھی زیادہ ملتا تھا، اب افغانستان میں بھی سبزیوں کی پیداوار شروع ہو گئی ہے، اس وجہ سے بھی سبزیوں کے ریٹ میں کمی ہو گئی ہے، بھنڈی فی کلو 100 روپے میں فروخت ہوتی تھی جو کہ اب منڈی میں 50 روپے فی من فروخت ہو رہی ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp