انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کی عالمی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کے لیے قواعد و ضوابط میں متعدد اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جن میں سب سے نمایاں ون ڈے میچز میں گیند کے استعمال اور کنکشن سبسٹیٹیوٹ کے تقرر سے متعلق نئی پالیسی ہے۔
ون ڈے کرکٹ میں گیند کا نیا اصول
موجودہ قانون کے مطابق، ون ڈے میچز میں ہر اینڈ سے ایک نئی گیند استعمال کی جاتی ہے اور یہ گیند 25 اوورز تک استعمال کی جاتی ہے۔ تاہم نئے قانون کے تحت اب دونوں گیندیں 34 اوورز تک استعمال کی جائیں گی، اور 35ویں اوور سے صرف ایک گیند کا انتخاب کر کے اننگز کے اختتام تک اسی سے کھیل جاری رکھا جائے گا۔ اگر میچ 25 اوورز یا اس سے کم کا ہو، تو صرف ایک گیند ہی پورے میچ میں استعمال کی جائے گی۔
آئی سی سی کے مطابق، یہ تبدیلی بالرز کو خاص طور پر ڈیتھ اوورز میں ریورس سوئنگ کا فائدہ دے گی، جو کہ نئے گیند کے مسلسل استعمال کی وجہ سے قریباً ناپید ہو چکی تھی۔
مزید پڑھیں:ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل: آئی سی سی نے بھارت کی میزبانی کی درخواست مسترد کردی
کنکشن سبسٹیٹیوٹ کے لیے نئی ہدایات
اب ہر ٹیم کو ٹاس سے قبل 5 متبادل کھلاڑیوں کی فہرست جمع کروانی ہوگی، جو ممکنہ کنکشن (دماغی چوٹ) کی صورت میں استعمال کیے جا سکیں گے۔ یہ 5 کھلاڑی درج ذیل کیٹیگریز پر مشتمل ہوں گے:
* ایک بیٹر
* ایک آل راؤنڈر
* ایک وکٹ کیپر
* ایک فاسٹ بولر
* ایک اسپنر
اس سے قبل ٹیمیں میچ کے دوران ہی سبسٹیٹیوٹ تجویز کر سکتی تھیں، مگر اب یہ عمل پہلے سے طے شدہ ہوگا۔
مزید پڑھیں:ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ: آئی سی سی کا اضافی پوائنٹس متعارف کرانے کا فیصلہ
بنی ہاپ اسٹائل کیچ اب غیر قانونی
آئی سی سی اور میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے باہمی اتفاق سے ’بنی ہاپ‘ اسٹائل کے باؤنڈری کیچ کو بھی غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔ اب اگر کوئی فیلڈر میدان سے باہر چھلانگ لگا کر ہوا میں گیند کو واپس کھیل کے اندر دھکیلتا ہے، لیکن اس نے زمین پر قدم رکھنے سے پہلے گیند کو چھوا ہو، تو وہ کیچ غیر قانونی سمجھا جائے گا۔
البتہ، اگر فیلڈر پہلے میدان کے اندر گیند کو چھوئے، اور پھر رفتار کی وجہ سے باؤنڈری سے باہر چلا جائے اور واپس آکر کیچ مکمل کرے تو یہ قانوناً درست ہوگا۔ یہ نیا قانون باقاعدہ طور پر اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوگا، تاہم آئندہ ہفتے سے آئی سی سی کی پلیئنگ کنڈیشنز میں اس کی عکاسی شروع ہو جائے گی۔
نئے قوانین کا اطلاق کب سے ہوگا؟
ٹیسٹ میچز: 17 جون 2025
ون ڈے میچز: 2 جولائی 2025
ٹی20 میچز: 10 جولائی 2025