ایران میں موساد کے مبینہ جاسوس کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا

پیر 16 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کی عدلیہ سے منسلک نیوز ایجنسی میزان آن لائن کے مطابق، اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے لیے مبینہ طور پر کام کرنے والے ایک انڈر کور جاسوس کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اسماعیل فکری نامی شخص کو ایرانی عدلیہ نے ملک کی خفیہ اور حساس معلومات دشمنوں کو فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا جسے سزائے موت سنائی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سزا برقرار رکھے جانے کے بعد اسے پھانسی دے دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے ایران کے سابق نائب وزیر دفاع کو پھانسی دے دی گئی

میزان آن لائن نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ اسماعیل فکری اسرائیل کے دو موساد افسران کے ساتھ رابطے میں تھا اور اہم خفیہ معلومات ان تک پہنچا رہا تھا۔

اسماعیل فکری کو دسمبر 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا، اور عدالتی کارروائی کے بعد اس پر جاسوسی، قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور دشمن ممالک کے ساتھ تعاون جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔

اسرائیلی نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا

ایرانی عدلیہ نے اسماعیل فکری کی گرفتاری اور سزا  کو اسرائیل کے خفیہ نیٹ ورک کے لیے بڑا انٹیلی جنس نقصان قرار دیا ہے۔

میزان آن لائن نے عدالتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ پھانسی ایرانی انٹیلی جنس کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے اور اسرائیل کی خفیہ کارروائیوں کے جواب میں ایک سخت پیغام ہے۔

یہ بھی پڑھیے ایران نے ملک گیر مظاہروں میں گرفتار ہونے والے مزید دو افراد کو پھانسی دے دی

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری خفیہ محاذ آرائی میں یہ واقعہ ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایران کی جانب سے موساد کے مبینہ جاسوس کی پھانسی نہ صرف انٹیلی جنس سیکیورٹی کا اظہار ہے بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اپنے اندرونی سیکیورٹی نظام کو فعال اور موثر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp