فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاکستانی نابینا سفارتکار صائمہ سلیم سے ملاقات، خدمات کو سراہا

جمعرات 19 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی نمائندہ صائمہ سلیم سے ملاقات کی، جو بینائی سے محروم ہونے کے باوجود عالمی سفارت کاری میں اپنی مثالی خدمات کی بدولت نمایاں مقام حاصل کر چکی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ملاقات نہایت خوشگوار اور حوصلہ افزا ماحول میں ہوئی، جس میں آرمی چیف نے صائمہ سلیم کی بے مثال صلاحیتوں، قومی خدمت کے جذبے اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر اُنہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں پاک بھارت تنازع: پاکستانی سیکریٹری خارجہ کی غیرملکی سفارتکاروں کو بریفنگ

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ صائمہ سلیم کی استقامت اور ثابت قدمی پوری قوم، بالخصوص معذور افراد کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ اُنہوں نے اعادہ کیاکہ پاکستان آرمی معذور افراد کی مکمل معاونت اور ان کی قومی ترقی میں شمولیت کے لیے پرعزم ہے۔

صائمہ سلیم نے اقوامِ متحدہ میں اپنی سفارتی خدمات، درپیش چیلنجز اور پاکستان کے اہم مؤقف پر آرمی چیف کو بریفنگ دی۔

آرمی چیف نے اقوام متحدہ میں بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو اجاگر کرنے اور پاکستان کے علاقائی و عالمی مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے پر اُن کی کوششوں کو سراہا۔

یہ ملاقات اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم کی بے پناہ صلاحیتیں اور خدمتِ وطن کا جذبہ کسی جسمانی معذوری کا محتاج نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی صائمہ سلیم کون ہیں؟

صائمہ سلیم نے دوران ملاقات اپنی ادبی تخلیقات بھی آرمی چیف کو پیش کیں، جنہیں سراہا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp