گورنر ہاؤس کی تالہ بندی: قائم مقام گورنر کا ہائیکورٹ سے رجوع اور گورنر ٹیسوری کا ردعمل

جمعہ 20 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر سندھ کے دفتر کو تالہ لگانے اور قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کے بعد معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ اب اس پر ترجمان گورنر ہاؤس اور گورنر کامران ٹیسوری کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق محرم الحرام سے متعلق اجلاس میں شرکت کے لیے سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ افسران گورنر ہاؤس کے کانفرنس روم میں موجود تھے۔ قائم مقام گورنر کے لیے مخصوص دفتر پیشگی طور پر تیار تھا، لیکن اگر مرکزی دفتر استعمال کرنا مقصود تھا تو بروقت اطلاع دی جاتی تو انتظام کردیا جاتا۔

مزید پڑھیں: کامران ٹیسوری کو ہٹا کر بشیر میمن کو گورنر سندھ لگانے کی خبریں درست نہیں، اسحاق ڈار

بیان کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پرنسپل سیکریٹری کو واقعے کی 24 گھنٹوں میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ دوسری جانب، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس ہمیشہ عوام کے لیے کھلا ہے، اویس قادر شاہ بطور اسپیکر اور ذاتی حیثیت میں قابلِ احترام ہیں۔ تاہم، گورنر نے اس معاملے پر براہ راست کوئی سخت ردعمل ظاہر نہیں کیا اور مؤقف کو نسبتاً مصالحانہ انداز میں پیش کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قائم مقام گورنر اویس شاہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں گورنر ہاؤس میں داخلے سے روک دیا گیا اور دفاتر کی چابیاں سابق گورنر اپنے ساتھ لے گئے، جس کے باعث محرم الحرام کے سیکیورٹی اجلاس کا انعقاد نہ ہو سکا۔ اس کے بعد اویس شاہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

اس صورتحال نے نہ صرف آئینی اختیارات کی تقسیم کے سوال کو اجاگر کیا ہے بلکہ سندھ کی سیاسی و انتظامی فضا میں ایک نئی کشیدگی کو بھی جنم دیا ہے۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ آئندہ دنوں میں ایک آئینی اور قانونی نظیر بن سکتا ہے۔

قائم مقام گورنر کو گورنر ہاؤس استعمال کرنے کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں، ترجمان سندھ حکومت

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا  کا کہنا ہے کہ قائم مقام گورنر بھی صوبے کا آئینی سربراہ ہوتا ہے،قائم مقام گورنر کو گورنر ہاؤس استعمال کرنے کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ کامران ٹیسوری نے اب گورنر ہاؤس پر بھی قبضہ کیا ہے، کامران ٹیسوری بھول رہے ہیں کہ وہ ایم کیو ایم میں نہیں، گورنر ہیں، اتنے عوامی کام کے دعویدارکو گورنر ہاؤس کی نشست کا اتنا خطرہ کیوں۔

انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری قائم مقام گورنر کی عزت کریں یا نہ کریں،آئین کا احترام کرنا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp