ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کردیا، تہران نے حملہ کیا تو سخت جواب دیں گے، امریکا

اتوار 22 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے خلاف امریکا کی حالیہ بڑے پیمانے کی فوجی کارروائی کے بعد امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے پینٹاگون میں اہم بریفنگ کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام تباہ کر دیا گیا ہے۔

امریکی وزیر دفاع نے ہفتے کی رات ایران پر کیے گئے حملوں کو ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کرنے کے لیے ایک فیصلہ کن کارروائی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں ایران اسرائیل جنگ میں امریکا کی شمولیت پر چین کا سخت بیان، نتائج کیا ہوں گے؟

پیٹ ہیگستھ نے کہاکہ گزشتہ رات کے حملے ایران کی جوہری صلاحیت کو کم کرنے اور تباہ کرنے کے لیے کیے گئے، اور ہم اس میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں ایرانی فوجی یا شہری ہلاک نہیں ہوئے۔ انہوں نے اسے جرات مندانہ اور شاندار آپریشن قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ ایرانی ریڈار امریکی جہازوں کو پکڑنے میں ناکام رہے، جب تک امریکی جہاز کارروائی کرتے رہے کسی ایرانی جیٹ نے اڑان نہیں بھری۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ صدر ٹرمپ نے حملے کا فیصلہ کب کیا؟ تو وزیر دفاع نے جواب دیا کہ کوئی ایک لمحہ نہیں تھا، لیکن ایک وقت آیا جب صدر کو احساس ہوا کہ خطرہ بڑھ رہا ہے اور اسے ختم کرنے کے لیے عمل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ امن کے خواہاں ہیں، لیکن انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کے سیکیورٹی مفادات، اسرائیل کے دفاع اور فوجیوں کو لاحق خطرے کو ختم کرنے کے لیے یہ حملہ ناگزیر تھا۔

پیٹ ہیگستھ نے ایک سوال کے جواب میں وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ یہ مشن حکومت کی تبدیلی کے بارے میں نہیں تھا، بلکہ خالصتاً ایک دفاعی اقدام تھا تاکہ خطرے کو بے اثر کیا جا سکے۔

وزیر دفاع نے صدر ٹرمپ کی حمایت میں کہاکہ جب ٹرمپ بولتے ہیں تو دنیا کو سننا چاہیے۔ کئی صدور نے ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کا خواب دیکھا، لیکن ٹرمپ نے اسے حقیقت بنا دیا۔

امریکی وزیر دفاع نے کہاکہ صدر ٹرمپ امن چاہتے ہیں اور ایران کو اسی راستے پر چلنا ہوگا، ایرانی پراکسیز کا امریکا پر حملہ بہت برا آئیڈیا ہوگا۔

ایران کو پہنچنے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے میں وقت لگے گا، امریکی جنرل

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے انکشاف کیاکہ حملے میں سات B-2 اسٹیلتھ بمبار طیارے شامل تھے جنہوں نے 18 گھنٹے کی پرواز کے بعد ایران میں اہداف کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہاکہ ایک امریکی آبدوز نے ایران کے شہر اصفہان میں اہم اہداف پر 2 درجن سے زیادہ ٹوماہاک کروز میزائل فائر کیے۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ یہ امریکی تاریخ کا سب سے بڑا B-2 آپریشنل حملہ تھا۔ ایران کو پہنچنے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے میں وقت لگے گا، لیکن ابتدائی رپورٹس کے مطابق جوہری پروگرام کو سخت نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایران اسرائیل تصادم: دنیا کے سر پر تیسری جنگ عظیم کا خطرہ منڈلا رہا ہے؟

انہوں نے کہاکہ امریکی افواج ہائی الرٹ پر ہیں اور ایران کی کسی بھی جوابی کارروائی کا طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp