ایئر انڈیا کی پرواز جو برطانیہ کے شہر برمنگھم سے دہلی جا رہی تھی، ایک مبینہ بم کی دھمکی موصول ہونے پر ہنگامی طور پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اتار لی گئی۔ بعد ازاں سیکیورٹی حکام نے طیارے کی مکمل تلاشی لی اور بم کی اطلاع کو جھوٹا قرار دے دیا۔
ایئر انڈیا کی یہ پرواز جس میں مسافر اور عملے سمیت درجنوں افراد سوار تھے، روانگی کے کچھ گھنٹے بعد بم کی اطلاع کے بعد ریاض کی طرف موڑ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں بم کی اطلاع پر حجاج کو لے جانے والی پرواز کی انڈونیشیا میں ہنگامی لینڈنگ
سعودی ایئرپورٹ حکام نے طیارے کو محفوظ طریقے سے لینڈ کرایا اور فوری طور پر تمام مسافروں کو اتار کر مکمل سیکیورٹی جانچ کی گئی۔
ایئر انڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے فلائٹ کو ریاض منتقل کیا۔ تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں واپس دہلی پہنچانے کے لیے متبادل پرواز کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
ایئر انڈیا کی یہ پرواز گزشتہ 10 دنوں میں دوسری پرواز ہے جسے بم کی جھوٹی اطلاع پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔ قبل ازیں تھائی لینڈ سے دہلی آنے والی پرواز کو بھی بم کی جعلی اطلاع پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔
ایئر انڈیا نے بتایا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایئر انڈیا اور بین الاقوامی ہوائی سیکیورٹی ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات پر غور کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں 271 افراد کی ہلاکت، ایئر انڈیا کو شوکاز نوٹس جاری، تادیبی کارروائی کا عندیہ
یہ واقعہ ایک بار پھر ہوائی سفر میں سیکیورٹی خطرات اور بچاؤ کے لیے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔